انسانی کہانیاں عالمی تناظر

عالمی برادری پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے میں لبنان کی مدد جاری رکھے: گرانڈی

بیروت میں شامی پناہ گزین اُمہ جمعہ فیلیپو گرانڈی کو بتا رہی ہیں کہ نو افراد پر مشتمل ان کا کُنبہ ایک کمرے میں رہنے پر مجبور ہے۔
©UNHCR/Nour Tarabay
بیروت میں شامی پناہ گزین اُمہ جمعہ فیلیپو گرانڈی کو بتا رہی ہیں کہ نو افراد پر مشتمل ان کا کُنبہ ایک کمرے میں رہنے پر مجبور ہے۔

عالمی برادری پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے میں لبنان کی مدد جاری رکھے: گرانڈی

مہاجرین اور پناہ گزین

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فیلیپو گرانڈی نے لبنان کے تین روزہ دورے کے اختتام پر عالمی برداری سے اپیل کی ہے کہ وہ لبنان میں غیرمحفوظ مقامی لوگوں اور پناہ گزینوں کے لیے ضروری مدد برقرار رکھے جبکہ ملک کو جدید تاریخ کے بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے۔

فیلیپو گرانڈی نے لبنان اور اس خطے میں شام کے مہاجرین کے مسائل کا طویل مدتی حل نکالنے کے لیے کام جاری رکھنے کا وعدہ بھی کیا۔

فیلیپو گرانڈی کا کہنا تھا کہ لبنان کو اپنی تاریخ کے ایک مشکل ترین دور کا سامنا ہے جبکہ وہ دنیا میں پناہ گزینوں کی فی کس سب سے بڑی تعداد کی میزبانی بھی کر رہا ہے۔

غربت کی دلدل

لبنان کے لوگ اور پناہ گزین بہت سے بحرانوں سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور روزانہ مزید غربت کی دلدل میں دھنسنے والے لوگوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔

اقوام متحدہ میں مہاجرین کا ادارہ 'یو این ایچ سی آر' پناہ گزینوں اور ان کی میزبان آبادیوں کی مدد کر رہا ہے اور اس سلسلے میں خاندانوں اور بنیادی ڈھانچے کے لیے براہ راست امداد مہیا کی جا رہی ہے۔

ہم پناہ گزینوں کی محفوظ اور رضاکارانہ واپسی کے لیے لبنان کے مسلسل عزم کی ستائش کرتے ہیں۔

فیلیپو گرانڈی

یو این ایچ سی آر عطیہ دہندہ ممالک کی فیاضانہ مدد کی بدولت لبنان کے شہروں اور آبادیوں میں بہت سے منصوبے چلا رہا ہے جن میں بجلی اور صاف پانی تک رسائی یقینی بنانے کے لیے شمسی پینلوں کی تنصیب سے لے کر جنریٹروں اور سٹریٹ لائٹ کی فراہمی تک بہت سے اقدامات شامل ہیں۔

ہیضے کی وباء

حال ہی میں اس مدد کو لبنان میں ہیضے پر قابو پانے کی کے اقدامات تک وسعت دی گئی ہے جو کہ ملک کو درپیش تازہ ترین مسئلہ ہے۔ حکومت، اقوام متحدہ کے اداروں اور این جی اوز کے ساتھ کام کرتے ہوئے یو این ایچ سی آر انتہائی غیرمحفوظ علاقوں میں رہنے والوں کی ہیضے کی ویکسین تک رسائی یقینی بنانے میں مدد دے رہا ہے۔

فلیپو گرانڈی نے لبنان اور اس خطے میں شام کے مہاجرین کے مسائل کا طویل مدتی حل نکالنے کے لیے کام جاری رکھنے کا وعدہ بھی کیا۔
© UNHCR/Andrew McConnell
فلیپو گرانڈی نے لبنان اور اس خطے میں شام کے مہاجرین کے مسائل کا طویل مدتی حل نکالنے کے لیے کام جاری رکھنے کا وعدہ بھی کیا۔

مسائل کا حل

فیلیپو گرانڈی نے لبنان میں قائم مقام وزیراعظم نجیب میقاتی، پارلیمنٹ کے سپیکر نبیح بیری، عمومی سلامتی کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عباس ابراہیم، لبنان کے دیگر وزرا اور عطیہ دہندگان سے ملاقاتوں میں اس موضوع پر تبادلہء خیال کیا کہ غیرمحفوظ لبنانی شہریوں اور پناہ گزینوں کی مزید بہتر طور سے مدد اور مسائل کا حل تلاش کرنا کیسے ممکن ہے۔

فیلیپو گرانڈی نے کہا کہ ''حکومت نے لبنان میں پناہ گزینوں کا بحران ختم کرانے کے لیے فوری مدد کی درخواست کی۔ میں نے حکام کو یقین دہانی کرائی کہ یپیچیدہ اور مشکل صورتحال کے باوجود یو این ایچ سی آر اس مسئلے کو حل کرنے کےلیے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم رکھتا ہے۔'' انہوں ںے کہا کہ ''ہم پناہ گزینوں کی محفوظ اور رضاکارانہ واپسی کے لیے لبنان کے مسلسل عزم کی ستائش کرتے ہیں۔''

یو این ایچ سی آر شام کے پناہ گزینوں کے مسئلے کا طویل مدتی حل نکالنے کے لیے متعلقہ اہم کرداروں کے ساتھ کام کر رہا ہے جس میں پناہ گزینوں کی تیسرے ممالک میں نو آباد کاری اور ان کی شام کو محفوظ اور باوقار واپسی جیسے اقدامات بھی شامل ہیں۔