انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ایران کو خواتین پر اقوام متحدہ کے کمیشن سے نکال دیا گیا

بائیس سالہ مہاسا امینی کی پولیس کی تحویل میں ہلاکت پر ایران سمیت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ یہ تصویر سوئیڈن کے شہر سٹاک ہوم کی ہے۔
Unsplash/Artin Bakhan
بائیس سالہ مہاسا امینی کی پولیس کی تحویل میں ہلاکت پر ایران سمیت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ یہ تصویر سوئیڈن کے شہر سٹاک ہوم کی ہے۔

ایران کو خواتین پر اقوام متحدہ کے کمیشن سے نکال دیا گیا

خواتین

اقوام متحدہ کی معاشی و سماجی کونسل (ای سی او ایس او سی) نے خواتین کی صورتحال پر کمیشن (سی ایس ڈبلیو) میں ایران کی 2026 تک باقی ماندہ مدت کے لیے رکنیت ختم کرنے کی قرارداد منظور کر لی ہے۔

یہ پیش رفت ملک میں مہاسا امینی کے لیے انصاف کا مطالبہ کرنے والے مظاہروں کے خلاف ظالمانہ کارروائی کے بعد ہوئی ہے۔ 22 سالہ مہاسا اس سال ستمبر میں ایران کی ’اخلاقی پولیس‘ کی حراست میں ہلاک ہو گئی تھیں۔

'سی ایس ڈبلیو' کا کا سالانہ اجلاس مارچ میں نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ہوتا ہے اور اسے دنیا میں صںفی مساوات کے حامیوں کا سب سے بڑا اجتماع سمجھا جاتا ہے۔

ایران کے اقدامات پر 'سنگین تشویش'

کونسل میں یہ قرار داد امریکہ نے پیش کی تھی جس کے حق میں 29 اور مخالفت میں آٹھ ووٹ آئے جبکہ 16 ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

قرارداد میں ستمبر 2022 کے بعد ایران میں حکومت کے اقدامات پر کڑی تشویش کا اظہار کیا گیا جو خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کو مسلسل کمزور کرنے اور انہیں شدت سے دبانے میں مصروف ہے اور اس مقصد کے لیے''اکثر انتہائی طاقت استعمال کرتی ہے۔''

قرارداد پر رائے شماری سے قبل اقوام متحدہ میں امریکہ کی مستقل نمائندہ لِنڈا تھامس۔گرین فیلڈ نے سی ایس ڈبلیو کو صنفی مساوات کے فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اقوام متحدہ کا سب سے بڑا ادارہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ''میں ایسے حالات میں یہ اہم کام نہیں کر سکتی جب اسے اندر سے ہی کمزور کیا جا رہا ہو۔ اس موقع پر ایران کی رکنیت کمیشن کی ساکھ پر بدنما داغ ہے۔''

مہاسا امینی کی یاد

سفیر نے اس موقع پر اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے ایران کے لوگوں کی جرات، دوراندیشی، قربانیوں اور قیادت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ مہاسا امینی سے 13 ستمبر کو ایران کے دارالحکومت تہران میں ''اخلاقی پولیس'' نے پوچھ گچھ کی جن پر حجاب کو نامناسب طریقے سے اوڑھنے کا الزام تھا۔

اطلاعات کے مطابق اس نوجوان خاتون کو دوران حراست تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ بے ہوش ہو گئیں اور تین روز کے بعد ان کا انتقال ہو گیا۔

لِنڈا تھامس۔گرین فیلڈ کا کہنا تھا کہ ''ہم جانتے ہیں کہ انہیں عورت ہونے کے جرم میں ہلاک کیا گیا۔ طویل عرصہ تک اور عام طور پر ایران میں ایسے واقعات غیرمعمولی نہیں سمجھے جاتے تھے۔''

ایران نے کیا قرارداد کو مسترد

کونسل میں ایران کے نمائندہ عامر سعید جلیل ایراوانی نے رائے شماری سے قبل بات کرتے ہوئے کہا کہ ''ایران اس قرارداد کو واضح طور پر اور سختی سے مسترد کرتا ہے۔''

انہوں نے کہا کہ ''امریکہ کی ایران کے لوگوں سے دشمنی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی جانب سے ایران کے خلاف ایسا غیرقانونی قدم اٹھانا غیرمتوقع بات نہیں، تاہم اس قرارداد کی منظوری اقوام متحدہ کے نظام کی سالمیت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہو گی۔''

سی ایس ڈبلیو کیا ہے؟

سی ایس ڈبلیو کا قیام 1946 میں عمل میں آیا تھا۔

اس کے 45 ارکان کا انتخاب 'ای ایس او ایس او سی' جسے مختصراً ایکوساک بھی کہا جاتا ہے مساوی جغرافیائی تقسیم کی بنیاد پر کرتی ہے اور اس کی رکنیت کی مدت چار سال ہے۔