انسانی کہانیاں عالمی تناظر

صنفی مساوات، موسیقی، اور جوش: نیا ولولہ انگیز پوڈکاسٹ ’ایمپلیفائی ہر‘

آپ جہاں سے بھی اپنی پوڈ کاسٹ سنتے ہیں وہاں 'ایمپلی فائی ہَر' کو تلاش کر سکتے ہیں۔
United Nations
آپ جہاں سے بھی اپنی پوڈ کاسٹ سنتے ہیں وہاں 'ایمپلی فائی ہَر' کو تلاش کر سکتے ہیں۔

صنفی مساوات، موسیقی، اور جوش: نیا ولولہ انگیز پوڈکاسٹ ’ایمپلیفائی ہر‘

خواتین

اقوام متحدہ نے 'ایمپلی فائی ہَر' کا آغاز کیا جو کہ دنیا بھر کی ولولہ انگیز خواتین فنکاروں کے کام کے اعتراف میں شروع کی جانی والی ایک پُرجوش اور موسیقی سے بھرپور پوڈ کاسٹ ہے۔

بہت سی خواتین سماج میں خود کو درپیش مسائل کا سامنا کرتے ہوئے اور بعض اوقات ان سے تحریک پاتے ہوئے فن تخلیق کرتی ہیں خواہ ان مسائل کا تعلق عدم تحفظ، انسانی حقوق، موسمیاتی تبدیلی اور عدم مساوات سے ہو یا یہ محض ان کی صنف سے متعلق ہوں۔

'ایمپلی فائی ہَر' میں ہم اس شعبے کی بعض انتہائی ولولہ انگیز اور باصلاحیت خواتین گلوکاروں کو براہ راست سنیں گے جن میں نوعمر تھائی ریپر مِلی سے لےکر انقلاب تیونس کی آواز بننے والی ای ڈی ایم پاور ہاؤس کی فوزیہ اور ایمل تک بہت سی فنکارائیں شامل ہیں۔

موسیقی اور مردوں کی بالادستی

یہ سیریز موسیقی، بات چیت اور فطری آواز کا ایک دلچسپ مرقع ہے جس میں متنوع ثقافتی پس منظر سے تعلق رکھنے والی متاثر کن خواتین موسیقار مردوں کی بالادستی والی صنعت میں بحیثیت خواتین خود کو درپیش مسائل پر بات کرتی اور بتاتی ہیں کہ انہوں نے رکاوٹوں کو کیسے عبور کیا اور کون سی چیز انہیں موسیقی تخلیق کرنے کا کام جاری رکھنے کی تحریک دیتی ہے۔

'ایمپلی فائی ہَر' کی میزبان لارا کوئنونز کہتی ہیں کہ ''یہ سیریز بنانا پُرلطف عمل تھا۔ اس دوران مجھے بے پایاں صلاحیتوں کی حامل ان فنکاراؤں سے بات چیت کا موقع ملا جنہوں نے سٹوڈیو، کچن حتیٰ کی بیڈ روم جیسے اپنے محفوظ ٹھکانوں سے میرے ساتھ گفتگو کے دوران کھل کر بات کرتے ہوئے اطمینان محسوس کیا۔

خواتین فنکاروں کی مدد کا عزم رکھنے والی موسیقی کی تفریحی کمپنی ساؤںڈ کلاؤڈ کی مدد سے اقوام متحدہ کی ٹیم نے اس سیریز کے لیے مختلف ممالک اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والی 10 خواتین فنکاروں کو منتخب کیا ہے۔

انتخاب کا مرحلہ

اس سیریز کے پروڈیوسر کونر لینن کا کہنا ہے کہ ''فنکاروں کو منتخب کرنا س سیریز کی تیاری کے دوران سب سے مشکل کاموں میں سے ایک تھا۔ ساؤنڈ کلاؤڈ نے بے حد باصلاحیت موسیقاروں کی بڑی تعداد کو جمع کیا اور ہمیں ان میں سے 10 فنکاروں کا انتخاب کرنے کے لیے بعض مشکل فیصلے کرنا پڑے۔''

'ایمپلی فائی ہَر' دنیا بھر میں ہر جگہ سے تعلق رکھنے والی اور خاص طور پر اُن خواتین اور لڑکیوں کے لیے وقف ہے جن کے خواب اور تمنائیں امتیازی سلوک اور جبر کے باعث ادھوری رہتی ہیں۔

صنفی مساوات کی مرکزی حیثیت

اقوام متحدہ میں عالمگیر رابطوں کے شعبے کی سربراہ میلیسا فلیمنگ کہتی ہیں کہ ''خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانا اور صنفی مساوات کا حصول اقوام متحدہ کے مقصد میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔''

وہ کہتی ہیں کہ ''ہمیں امید ہے کہ 'ایمپلی فائی ہَر' ہمیں نئے نوجوان سامعین خصوصاً لڑکیوں تک پہنچنے میں مدد دے گی اور لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے اقوام متحدہ کے کام کی بابت مزید جاننے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

آپ جہاں سے بھی اپنی پوڈ کاسٹ سنتے ہیں وہاں 'ایمپلی فائی ہَر' کو تلاش کر سکتے ہیں۔ اس پوڈ کاسٹ کی ہر قسط سننے کے لیے اسے لائیک اور سبسکرائب کیجیے۔

'ایمپلی فائی ہَر' ساؤنڈ کلاؤڈ کی مدد سے یو این نیوز کا تیار کردہ پروگرام ہے۔ اس کی پہلی قسط جمعرات، 24 نومبر کو پوڈ کاسٹ کے ہر بڑے پلیٹ فارم پر جاری کی گئی۔ آئندہ اقساط ہفتہ وار بنیادوں پر جاری کی جائیں گی۔