انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ٹریفک حادثات کا شکار افراد کی یاد میں سڑکوں کو محفوظ بنائیں: گوتیرش

سڑکوں پر پیش آنے والے حادثات بچوں اور نوعمر افراد میں ہلاکتوں کی ایک بڑی وجہ ہیں۔
© UNICEF/Jeoffrey Maitem
سڑکوں پر پیش آنے والے حادثات بچوں اور نوعمر افراد میں ہلاکتوں کی ایک بڑی وجہ ہیں۔

ٹریفک حادثات کا شکار افراد کی یاد میں سڑکوں کو محفوظ بنائیں: گوتیرش

پائیدار ترقی کے اہداف

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ 2030 تک ٹریفک حادثات میں لوگوں کے ہلاک و زخمی ہونے کے واقعات میں نصف حد تک کمی لانے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے عالمگیر کوششوں میں اضافہ کرنا ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہر سال ٹریفک حادثات میں 13 لاکھ افراد ہلاک اور پانچ کروڑ زخمی ہو جاتے ہیں اور یہ حادثات بچوں اور نوجوانوں کی اموات کا ایک بڑا سبب ہیں۔

Tweet URL

اقوام متحدہ کے سربراہ نے یہ بات ٹریفک حادثات کے متاثرین کی یاد میں عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو ہر سال 20 نومبر کو منایا جاتا ہے۔

اس موقع پر انہوں ںے کہا ہے کہ ''متاثرین کو یاد رکھنے اور ان کی تکریم کا ایک بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم دنیا بھر میں سڑکوں کو محفوظ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔''

ترقی کو خطرہ

سیکرٹری جنرل نے یہ بھی بتایا کہ ٹریفک حادثات کا ترقی پر کیا اثر پڑتا ہے۔

ٹریفک حادثات کے ہر 10 میں سے نو متاثرین کا تعلق متوسط آمدنی والے ممالک سے ہے۔

گوتیرش کا کہنا تھا کہ ''زیادہ سے زیادہ زندگیوں کو تحفظ دینے کی خاطر محفوظ و مستحکم نقل و حرکت، کُل معاشرتی عملی منصوبوں اور حادثات کی روک تھام سے متعلق مضبوط حکمت عملی کے لیے مزید مالی وسائل کی ضمانت درکار ہوتی ہے۔''

''اقوام متحدہ کے روڈ سیفٹی کنونشن اور فنڈ ممالک کو قومی سطح پر نظام اور بنیادی ڈھانچہ مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ میں رکن ممالک اور عطیہ دہندگان پر زور دیتا ہوں کہ وہ ان کوششوں میں مدد دیں اور مزید المیوں کو رونما ہونے سے روکیں۔''

نوجوان زندگیوں کا تحفظ

اقوام متحدہ کی سرپرستی میں ایک عالمگیر مہم چلائی جا رہی ہے جس کا مقصد نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو ٹریفک حادثات میں ہلاک ہونے سے بچانا ہے۔

اقوام متحدہ کے روڈ سیفٹی فنڈ (یو این آر ایس ایف) نے #moments2live4 مہم کا دوسرا دور شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دنیا میں ہر 24 سیکنڈ کے بعد ایک فرد سڑک پر ہلاک ہو جاتا ہے جبکہ دنیا بھر میں ہر 24 گھنٹوں میں 500 بچے ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوتے ہیں۔

یہ مہم اتوار کو شروع کی گئی جو کہ ٹریفک حادثات کے متاثرین کی یاد میں منائے جانے والے عالمی دن کے علاوہ بچوں کا عالمی دن بھی ہے۔

غریب ممالک سب سے زیادہ نقصان اٹھاتے ہیں

یو این آر ایس ایف ایک عالمگیر شراکت ہے جو کم اور متوسط آمدنی والے ممالک میں ٹریفک حادثات میں کمی لانے کے لیے کام کرتی ہے کیونکہ ہر سال مہلک حادثات میں سے 93 فیصد انہی ممالک میں رونما ہوتے ہیں۔

اس فنڈ نے مغربی افریقہ میں محفوظ گاڑیوں سے متعلق ضوابط کی منظوری کے لیے کام کرنے کے علاوہ پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کے تحفظ کے لیے اقدامات بھی کیے ہیں۔

#moments2live4 مہم کا مقصد سڑکوں پر تحفظ کے عالمگیر بحران کے بارے میں آگاہی بیدار کرنا، جو پانچ سال سے زیادہ عمر کے بچوں کو بری طرح متاثر کر رہا ہے، اور فنڈ کے لیے درکار 40 ملین ڈالر کا حصول ممکن بنانا ہے۔ 

آگاہی اور اختیار

یو این آر ایس ایف کی سربراہ نیکا ہنری نے زور دیا ہے کہ دنیا بھر میں سڑکوں پر حادثات سے بچنے کے لیے آگاہی پہلا قدم ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ''روزانہ سڑکوں پر سفر کرنے والے اربوں لوگ، ہزاروں کاروباری ادارے اور 100 سے زیادہ حکومتیں اس معاملے میں بے عملی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس کی بڑی وجہ ہمارے بچوں کو لاحق دور رس خطرات سے عدم آگہی ہے جن کا شمار سڑک استعمال کرنے والے غیرمحفوظ ترین طبقات میں ہوتا ہے۔ اس مہم کا مقصد ہر فرد کو یہ علم دینا ہے کہ بچوں کو سڑکوں پر کیسے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔''

عالمگیر مہم #moment2live4 میں ریس کاروں کے ڈرائیور، تفریح فراہم کرنے والے فنکار، عالمی سطح کے کھلاڑی اور اقوام متحدہ کے اداروں کے رہنما دنیا بھر کے لوگوں کو اس موضوع پر آگاہی دیں گے۔

یہ مہم 10 ہفتے تک جاری رہے گی اور 24 جنوری کو تعلیم کے عالمی دن پر ختم ہو گی۔