انسانی کہانیاں عالمی تناظر

اقوام متحدہ کے سربراہ نے شمالی کوریا کے مزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیرذمہ دارانہ قرار دیا

شمالی کوریا اس سال اب تک 23 مختلف ہتھیاروں کے تجربات کر چکا ہے۔
OCHA/David Ohana
شمالی کوریا اس سال اب تک 23 مختلف ہتھیاروں کے تجربات کر چکا ہے۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے شمالی کوریا کے مزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیرذمہ دارانہ قرار دیا

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل تجربے کی سختی سے مذمت کی ہے جس کے بارے میں اطلاع ہے کہ وہ جاپان کی فضا سے گزرا۔

یہ میزائل تجربہ شمالی کوریا کی جانب سے 2017 کے بعد جاپان کی فضائی حدود کی پہلی خلاف ورزی تھی اور درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا یہ میزائل جاپان کی زمینی حدود سے دور بحرالکاہل میں گرا۔

جاپان میں سائرن کی آوازیں

شمالی جاپان کے کئی علاقوں میں لوگ سائرن کی آوازوں سن کر اور فون پر انتباہی پیغامات ملنے سے جاگ گئے اور انہیں کہا گیا کہ وہ ملبہ گرنے کے ممکنہ واقعات سے خبردار رہیں۔

اطلاعات کے مطابق یہ میزائل تقریباً 4,500 کلومیٹر (2,800) میل دور جا کر گرا جو کہ شمالی کوریا کے کسی میزائل کا اب تک طے کردہ طویل ترین فاصلہ ہے جبکہ اس کی بلندی ایک ہزار کلومیٹر تھی۔

گزشتہ ہفتے جاپان، امریکہ اور جنوبی کوریا نے 2017 کے بعد پہلی مرتبہ مشترکہ بحری مشقوں کا انعقاد کیا تھا اور منگل کو اس تجربے کے بعد تینوں ممالک نے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے اس اقدام پر فوری اور طویل مدتی ردعمل دینے کے لیے وسیع تر عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ یہ ایک ہفتے میں شمالی کوریا کا پانچواں میزائل تجربہ ہے۔

ہفتے کو بھی شمالی کوریا نے دو راکٹ داغے تھے جو سمندر میں جاپان کی مخصوص حدود سے پرے گرے۔

اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں شمالی کوریا کو بیسلٹک میزائلوں یا جوہری ہتھیاروں کے تجربات سے روکتی ہیں۔

اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرش نے اپنے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ ''یہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی پامالی پر مبنی ایک لاپرواہانہ اقدام ہے۔''

ان کا کہنا تھا کہ ''یہ بات بھی سنگین تشویش کا باعث ہے کہ شمالی کوریا نے بین الاقوامی فضائی یا سمندری تحفظ کے بارے میں ضوابط کو نظرانداز کیا۔''

مذاکرات کی جانب واپسی

گوتیرش نے شمالی کوریا پر زور دیا کہ وہ ''پائیدار امن کے حصول اور جزیرہ نما کوریا کو مکمل اور قابل تصدیق طور سے جوہری اسلحے سے پاک کرنے کے لیے متعلقہ اہم فریقین کے ساتھ بات چیت دوبارہ شروع کرے۔''

مارچ میں بھی انتونیو گوتیرش نے شمالی کوریا کی جانب سے ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے تجربے کی مذمت کی تھی جو 2017 کے بعد اس کا طویل فاصلے تک مار کرنے والے کسی میزائل کا پہلا تجربہ تھا۔ ایک ہی ماہ پہلے شمالی کوریا نے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کے تجربے پر اپنی ہی عائد کردہ پابندی کی خلاف ورزی بھی کی تھی۔

شمالی کوریا اس سال اب تک 23 مختلف ہتھیاروں کے تجربات کر چکا ہے۔