انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ہیٹی میں 'پُرتشدد شہری بدامنی' امداد کی ترسیل میں رکاوٹ بن گئی

ہیٹی کے صدر کے قتل کے بعد سے دارالحکومت پورٹ او پرنس میں بدامنی بڑھ گئی ہے۔
JOA/Yes Communication Design
ہیٹی کے صدر کے قتل کے بعد سے دارالحکومت پورٹ او پرنس میں بدامنی بڑھ گئی ہے۔

ہیٹی میں 'پُرتشدد شہری بدامنی' امداد کی ترسیل میں رکاوٹ بن گئی

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجاحک کے مطابق ''ہیٹی میں تناؤ اور اس کے نتیجے میں ملک بھر میں سڑکیں بند کیے جانے سے اقوام متحدہ کے امدادی شراکت داروں کو مدد کی فراہمی میں نہایت مشکل پیش آ رہی ہے۔ اقوام متحدہ اس صورتحال کو ''پُرتشدد شہری بدامنی'' قرار دے رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجاحک کے مطابق ''ہیٹی میں تناؤ اور اس کے نتیجے میں ملک بھر میں سڑکیں بند کیے جانے سے اقوام متحدہ کے امدادی شراکت داروں کو مدد کی فراہمی میں نہایت مشکل پیش آ رہی ہے۔ اقوام متحدہ اس صورتحال کو ''پُرتشدد شہری بدامنی'' قرار دے رہا ہے۔

ابتداً پٹرول کی قیمتوں میں تقریباً دو گنا اضافے کے خلاف ملک بھر میں شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں سے غرب الہند کے ملک میں نظام زندگی اقوام متحدہ کے بقول ''معطل'' ہو گیا ہے۔

ہیٹی کو بہت سے معاشی، سیاسی، دفاعی اور امدادی مسائل کا سامنا ہے۔

گزشتہ برس جولائی میں ملک کے صدر جووینل موئیز کو قتل کر دیا گیا تھا اور اگست میں غرب الہند کے جزائر پر مشتمل اس ملک کے جنوبی علاقوں میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر ہلاکتیں اور تباہی ہوئی تھی۔

بھاری ہتھیاروں سے لیس پرتشدد جتھوں نے درالحکومت پورٹ او پرنس کے بڑے حصوں پر قبضہ کر لیا ہے جو لوگوں کو تواتر سے تاوان کے لیے اغوا کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پورا ہفتہ ملک بھر میں فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔

سلامتی سے متعلق خدشات

ڈوجاحک نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سربراہ کو ''انتہائی غیرمحفوظ افراد سمیت ہیٹی کے تمام لوگوں کے تحفظ کی خاص طور پر فکر ہے اور وہ لوگوں سے پُرسکون رہنے اور ہر ممکن حد تک تحمل اختیار کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ''سیکرٹری جنرل تمام متعقلہ فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ تناؤ کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں، تشدد سے گریز کریں اور ہیٹی کی قومی پولیس کو آبادی کی حفاظت کا اپنا فریضہ انجام دینے کا موقع دیں۔''

اقوام متحدہ کے سربراہ نے ''تمام فریقین سے کہا کہ وہ اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کسی تاخیر کے بغیر مستقبل کی جانب تعمیری انداز میں پُرامن اور جامع بات چیت کریں۔''

انہوں ںے خبردار کیا کہ اگر موجودہ حالات جاری رہے تو ''ہیٹی کے انتہائی غیرمحفوظ لوگوں کو پہلے سے درپیش خوفناک انسانی حالات مزید بگڑ جائیں گے۔''

طوفان جین سے شہر گوناایو کا بیشتر حصہ سیلابی پانی اور کیچڑ کی زد میں ہے
UN Photo/Sophia Paris
طوفان جین سے شہر گوناایو کا بیشتر حصہ سیلابی پانی اور کیچڑ کی زد میں ہے

اقوام متحدہ کے گودام میں لوٹ مار

جمعرات کو فسادیوں نے ملک کے شمالی شہر گونائیوس میں اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے زیراستعمال گودام کو لوٹ کر نذرآتش کر دیا۔

ملک کے لیے ہنگامی غذائی امداد مہیا کرنے والے اس ادارے کے ڈائریکٹر جین مارٹن باؤر نے ایک بیان میں اس واقعے کو ''ناقابل قبول'' قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوٹی جانے والی خوراک اس سال کے آخر تک سکول کے تقریباً 100,000 بچوں اور ہیٹی کے انتہائی غیرمحفوظ خاندانوں کو ہنگامی امداد کے طور پر مہیا کی جانا تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ''ڈبلیو ایف پی ایسے غیرمحفوظ لوگوں کی مدد کے لیے ہیٹی میں موجود ہے جو انتہائی ضرورت مند ہیں اور یہ مقامی آبادی کو مشکل حالات سے نمٹنے کا اہل بنانے کے اپنے طویل مدتی اقدامات کے ذریعے مقامی پیداوار اور روزگار کی صورتحال کو بہتر بنا رہا ہے۔''

عملہ تیار

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس کا عملہ اور شراکت دار ہیٹی میں موجود ہیں اور ملک بھر میں ضرورت مند لوگوں کی مدد کے لیے تیار ہیں۔

تاہم ڈبلیو ایف پی کا کہنا ہے کہ مالی وسائل کی کمی اور امداد کی فراہمی کے مشکل انتظام بشمول سازوسامان کی ترسیل میں حائل رکاوٹوں کے باعث اسے آنے والے دنوں میں امدادی سامان کی فراہمی میں دشواری پیش آ سکتی ہے۔

اسی دوران استوائی طوفان فیونا بھی غرب الہند میں آنے کو ہے اور سوموار کو ہیٹی سے ٹکرا سکتا ہے۔