انسانی کہانیاں عالمی تناظر

برازیلی فنکار کی 'کرہ ارض کے لیے' دیوار گیر تصویر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر توجہ کا مرکز

ایڈورڈو کوبرا اور ان کی ٹیم نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر کے بایر ان کے میورل (دیوارگیر) کو مکمل کرتے ہوئے۔ میورل کو تحفظِ ماحول اور پائیداری کے نام کیا گیا ہے۔
UN News/Matthew Wells
ایڈورڈو کوبرا اور ان کی ٹیم نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر کے بایر ان کے میورل (دیوارگیر) کو مکمل کرتے ہوئے۔ میورل کو تحفظِ ماحول اور پائیداری کے نام کیا گیا ہے۔

برازیلی فنکار کی 'کرہ ارض کے لیے' دیوار گیر تصویر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر توجہ کا مرکز

موسم اور ماحول

برازیل کے معروف فنکار ایڈورڈو کوبرا کی نو تخلیق کردہ پُراثر اور حیرت انگیز دیوار گیر تصویر آئندہ ہفتے جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کے لیے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں آنے والے دنیا بھر کے رہنماؤں کا استقبال کرے گی۔ یہ تصویر موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں کرہ ارض کے تحفظ سے متعلق ذمہ داریوں کی جانب توجہ دلاتی ہے۔

نیویارک کی مشہور 42ویں سٹریٹ کے بالکل اوپر فرسٹ ایونیو کے داخلی دروازے کے ساتھ پھیلی اور دنیا بھر کے ممالک کے جھنڈوں کے اوپر تقریباً 350 مربع میٹر پر محیط اس تصویر کی باقاعدہ نمائش جمعے کو ہو گی۔

اس فنکار کے مزید 20 سے زیادہ فن پارے شہر بھر میں نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے یو این نیوز کو بتایا کہ اس تصویر کا موضوع پائیداری ہے جو کہ آئندہ ہفتے جنرل اسمبلی کے موقع پر ہونے والے مباحثوں کا بنیادی موضوع ہو گا جب اقوام متحدہ 2030 تک پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کے حصول کے لیے اقدامات کی رفتار میں تیزی لا رہی ہے۔

اِس سال برازیل کی آزادی کے دو سو سالہ جشن کی مناسبت سے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں کوبرا کی بنائی تصویروں کی نمائش بھی ہوئی۔

ایڈورڈو کوبرا اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں نمائش کے لیے پیش کیے گئے اپنے چند فن پاروں کے ساتھ
Galeria Eden
ایڈورڈو کوبرا اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں نمائش کے لیے پیش کیے گئے اپنے چند فن پاروں کے ساتھ

تیز رفتار کام

جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی ہفتے میں دنیا بھر سے سربراہان ریاست و حکومت اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر پہنچیں گے۔ اس موقع پر تصویر کو بروقت مکمل کرنے کے لیے کوبرا اور ان کی ٹیم روزانہ گھنٹوں کام کر رہی ہے اور بسااوقات یہ کام رات بھر جاری رہتا اور صبح 5 بجے ختم ہوتا ہے۔

کوبرا کا کہنا ہے کہ ''ہمیں دو یا تین دن بارش کا سامنا بھی رہا۔ تصویر نے ایک ہفتے میں مکمل ہونا تھا اور اب اس میں کچھ زیادہ دیر لگے گی لیکن ہم اسے جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔''

کوبرا کی بنائی مزید 11 تصاویر چند روز پہلے تک اقوام متحدہ میں مندوبین کے داخلی دروازے پر رکھی گئی تھیں۔ یہ نمائش اقوام متحدہ میں برازیل کے مشن کی جانب سے اِس ماہ کے اوائل میں ملک کے دو سو سالہ جشن آزادی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی دعوت پر منعقد کی گئی۔

کوبرا دنیا کے ایک ممتاز ترین سٹریٹ آرٹسٹ ہیں اور ان کا کام برازیل کے بڑے شہر ساؤ پاؤلو سے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی تک ہر جگہ نظر آتا ہے۔