انسانی کہانیاں عالمی تناظر

سوڈان ڈرون حملوں میں شدت روکنے میں عالمی برادری کردار ادا کرے، ڈنیز براؤن

ڈینس براؤن، سوڈان میں United Nations رہائشی اور انسانی ہمدردی کے کوآرڈینیٹر، فیلڈ وزٹ کے دوران شمالی ریاست کے ایک ہیلتھ کلینک میں ماں اور شیر خوار بچے سے ملاقات کر رہے ہیں۔
OCHA/Suliman Fadlallah سوڈان میں اقوام متحدہ کی نمائندہ اور امدادی رابطہ کار ڈنیز براؤن ایک طبی مرکز پر لوگوں سے مل رہی ہیں۔

سوڈان ڈرون حملوں میں شدت روکنے میں عالمی برادری کردار ادا کرے، ڈنیز براؤن

انٹرویو: خالد ہریدی (یو این نیوز عربی)
انسانی امداد

سوڈان میں اقوام متحدہ کی نمائندہ اور امدادی رابطہ کار ڈنیز براؤن نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں لڑائی بند کرانےکے لیے مداخلت کرے جہاں اب شہری تنصیبات پر ڈرون حملوں میں شدت آنے کے باعث بجلی، پانی اور ایندھن کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے اور لاکھوں  لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔

انہوں نے یو این نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سیاست کا معاملہ نہیں بلکہ انسانی زندگیوں کا معاملہ ہے۔ سوڈان میں ہنگامی بنیاد پر امدادی وسائل کی ضرورت ہے۔ ملک بھر میں امداد کی ترسیل سنگین مشکلات کا شکار ہے۔ ایندھن کی قلت کے باعث امدادی سامان سے لدے سیکڑوں ٹرک ضرورت مند لوگوں تک نہیں پہنچ پا رہے جبکہ ہسپتالوں کو ڈائیلاسز سمیت زندگی بچانے والی طبی سہولیات جاری رکھنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

ڈنیز براؤن یو این نیوز کو سوڈان کی موجودہ صورتحال اور ملک میں جاری انسانی بحران کے بارے میں بتایا اور کہا کہ انسانی مصائب کا خاتمہ کرنےکے لیے دنیا کو اس معاملے میں فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔ 

یو این نیوز: ڈرون حملوں سے شہری آبادی کو ہونے والے تباہ کن نقصانات کے تناظر میں سوڈان کی موجودہ صورتحال کیا ہے؟

ڈنیز براؤن: گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ڈرون حملے شدت اختیار کر گئے ہیں۔ شہری تنصیبات کو دانستہ نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ توانائی کے ذرائع اور ایندھن کی تنصیبات کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ یہ صورتحال بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا واضح اشارہ ہے۔

بنیادی خدمات بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ہمارے ساتھی خرطوم کے نواح میں واقع ایک ہسپتال میں گئے تو ڈرون حملوں کے باعث وہاں بجلی منقطع ہو گئی۔ اس ہسپتال میں نہ جنریٹر تھا اور نہ ہی سولر پینل۔ نتیجتاً ڈائیلاسز کے محتاج 25 مریضوں کا علاج اچانک روکنا پڑا۔ اس صورتحال میں زچگی کے لیے آنے والی خواتین، بچوں اور دیگر تمام مریضوں کی زندگیاں متاثر ہوتی ہیں۔

ملک میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے جبکہ ایندھن کی شدید قلت ہے۔ خرطوم میں ایندھن کے حصول کے لیے کئی کلومیٹر طویل قطاریں لگی ہوتی ہیں۔ ان میں رکشہ چلانے والے بھی شامل ہیں، جو لوگوں کو کام پر اور بازاروں تک پہنچاتے ہیں۔ یہ ایسے لوگ ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر کماتے ہیں، لیکن اب انہیں ایندھن حاصل کرنے کے لیے مسلسل کئی دن انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈرون حملوں میں اضافے اور ان کے فوری اثرات کا عام شہریوں پر براہ راست اثر پڑ رہا ہے۔

غرب المطا، کسالا، سوڈان میں ورلڈ فوڈ پروگرام کی خوراک کی تقسیم کے مقام پر لوگ جوار، دال اور کوکنگ آئل کے تھیلے وصول کر رہے ہیں۔
© UNDP/Giles Clarke سوڈان میں خانہ جنگی سے بے گھر افراد میں اقوام متحدہ کے اہلکار خوراک تقسیم کر رہے ہیں۔

یو این نیوز: کشیدگی میں اس اضافے کے دوران اقوام متحدہ کی امدادی سرگرمیوں اور فوری ترجیحات کے بارے میں بتائیے۔

ڈنیز براؤن: اقوام متحدہ کی امدادی ٹیمیں بین الاقوامی اور مقامی غیر سرکاری تنظیموں اور مقامی آبادی کے ساتھ مل کر کام کرتی ہیں۔ ہمیشہ کی طرح سب سے پہلا ردعمل مقامی لوگوں کی جانب سے آتا ہے اور یہی لوگ مسلسل مشکلات کے باوجود صف اول میں کام کر رہے ہیں۔ ہماری اولین ترجیح صرف ایک ہے کہ انسانی جانیں بچائی جائیں۔

بارشوں میں کمی نے پہلے سے جاری تباہی میں ایک نئی مشکل کا اضافہ کر دیا ہے۔ بارشیں نہ ہونے کے باعث کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دارفور اور کردفان کے بعض علاقوں میں لوگ خوراک کی تلاش میں نقل مکانی کر رہے ہیں۔ تاہم یہ پہلے سے موجود بحران میں اضافے کا صرف ایک پہلو ہے۔

جنگ کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور اب بھی نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ بنیادی سماجی خدمات کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے اور صحت کا نظام تباہی کے دہانے پر ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) کی تحقیق کے مطابق، شدید غذائی قلت کی شرح انتہائی بلند ہے اور ملک کے کئی علاقوں میں ہنگامی صورتحال کی مقررہ حد سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔ خاص طور پر وہ علاقے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جو براہ راست جنگ کی لپیٹ میں ہیں۔

ہماری ترجیح اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ان لوگوں تک ضروری سہولیات اور امدادی سامان پہنچانا ہے جو اس امداد کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے۔

یو این نیوز: اس وقت آپ کو سب سے زیادہ کس بات پر تشویش ہے؟

ڈنیز براؤن: اقوام متحدہ کے پاس خوراک، غذائیت کا سامان، پناہ گاہوں کے لیے درکار اشیا اور دیگر بنیادی ضروریات کی ترسیل کا بہت بڑا نظام موجود ہے۔ لیکن اس وقت ایندھن کی قلت کے باعث سیکڑوں امدادی ٹرک راستوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

بعض اوقات ہمیں انتظامی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جنہیں دور کرنے کے لیے ہم حکام کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔ ویزوں اور اجازت ناموں کے معاملے میں خاصی پیش رفت ہوئی ہے اور امید ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ لیکن ایندھن ہی دستیاب نہ ہو تو ہم امداد نہیں پہنچا سکتے۔

ڈینس براؤن، سوڈان میں United Nations رہائشی اور انسانی ہمدردی کے رابطہ کار، جنوبی کورڈوفن میں ایک IDP سائٹ پر بچوں اور کمیونٹی کے اراکین کے درمیان مسکراتے ہوئے کھڑے ہیں۔
OCHA/Suliman Fadlallah ڈنیز براؤن سوڈان کے علاقے کردفان میں اندرون ملک نقل مکانی پر مجبور افراد کے ایک کیمپ کا دورہ کر رہی ہیں۔

یو این نیوز: ایندھن کی قلت کے علاوہ اقوام متحدہ کے اداروں اور ان کے شراکت داروں کو زمینی سطح پر کون سی بڑی مشکلات کا سامنا ہے اور امدادی وسائل میں کمی کس طرح ان سرگرمیوں کو متاثر کر رہی ہے؟

ڈنیز براؤن: ہم ایک ایسی جگہ کام کر رہے ہیں جہاں جنگ جاری ہے اس لیے یہاں کوئی دن بھی آسان نہیں ہوتا۔ ہمیں مسلسل مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ہر روز ان کا حل تلاش کرنا ہوتا ہے۔

انتہائی افسوس ناک بات یہ ہے کہ عالمی ادارہ خوراک (ڈبلیو ایف پی) کے امدادی قافلے رواں سال ہی سات مرتبہ حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں، جبکہ دو برسوں میں ایسے حملوں کی تعداد 20 رہی ہے۔

ان حملوں کے نتیجے میں انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں اور وہ خوراک بھی تباہ ہو جاتی ہے جو انتہائی ضرورت مند لوگوں تک پہنچائی جانا تھی۔ ایسے حالات میں کام کرنا انتہائی مشکل ہے۔ ہمیں ان خطرات کے درمیان راستہ نکالنا پڑتا ہے اور ہم روزانہ یہی کوشش کرتے ہیں۔

یو این نیوز: شہریوں کے تحفظ اور انہیں مزید نقصان سے بچانے کے لیے اقوام متحدہ کیا کردار ادا کر رہا ہے؟

ڈنیز براؤن: ملک کے اندر اقوام متحدہ کا کردار ملک سے باہر اس کے کردار سے مختلف ہے۔ اندرون ملک ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم ان مقامات پر موجود رہیں جہاں لوگوں کو ہماری ضرورت ہے۔ ہماری موجودگی ہی تحفظ کا ذریعہ ہے، تاکہ ہم وہاں رہ کر صورتحال کو سمجھ سکیں اور مقامی آبادی سے براہ راست بات چیت کر سکیں۔ ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہوتی ہے کہ لوگ کون سے مسائل سے دوچار ہیں۔ کیا ڈرون حملے ہو رہے ہیں؟ کیا خواتین اور بچے تنہا رہ گئے ہیں؟

اس جنگ کے دوران جنسی تشدد کے واقعات بھی تشویش ناک حد تک بڑھ چکے ہیں۔ اکتوبر 2025 میں الفاشر میں ہونے والے مظالم کے تناظر میں جنسی تشدد کے ہولناک واقعات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ہم یہاں جنسی تشدد کے ہزاروں واقعات کی بات کر رہے ہیں۔ ہم اپنے تحفظات حکام اور تنازع کے دیگر فریقین کے سامنے واضح انداز میں رکھتے ہیں۔

اب ڈرون حملوں میں اضافے کے بعد ہمیں عالمی برادری کی مدد درکار ہے تاکہ یہ پیغام ان لوگوں تک پہنچایا جا سکے جنہیں اسے سننے کی ضرورت ہے کہ یہ سب کچھ بند ہونا چاہیے۔ بجلی گھروں اور ایندھن کے مراکز کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں۔ ڈائیلاسز کے محتاج مریضوں کو علاج نہیں مل پا رہا۔ خواتین ہسپتالوں میں بجلی اور روشنی کے بغیر بچوں کو جنم دے رہی ہیں۔

سب سے پہلے اور بنیادی طور پر ذمہ داری ان لوگوں پر عائد ہوتی ہے جو یہ ڈرون حملے کر رہے ہیں۔ اس کے بعد اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ صورتحال کو سمجھیں اور موجودہ کشیدگی کا خاتمہ کرانے کے لیے سنجیدہ اور موثر اقدامات کریں۔

بے گھر بچے غرب المطار، کسالا، سوڈان میں یونیسیف کے تعاون سے چلنے والے سیف اسپیس اینڈ لرننگ سینٹر میں کلاس میں جاتے ہیں۔
© UNDP/Giles Clarke مشرقی سوڈان کے کسالا علاقے میں بے گھر بچے یونیسف کے تعاون سے چلنے والے ایک عارضی سکول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں (فائل فوٹو)۔

یو این نیوز: عالمی برادری اور خطے کے ممالک کے لیے آپ کیا پیغام دیں گی؟

ڈنیز براؤن: میں آپ کو یہاں درپیش مشکلات کی ایک طویل فہرست بتا سکتی ہوں لیکن اس کے ساتھ یہ بھی کہہ سکتی ہوں کہ ہم امداد پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

مقامی آبادی، مقامی امدادی تنظیمیں، بین الاقوامی اور ملکی غیر سرکاری ادارے اور اقوام متحدہ انتہائی مشکل حالات میں کام کر رہے ہیں۔ ہم نے ثابت کیا ہے کہ ہم اپنا کام کر سکتے ہیں۔

ہمیں مزید کام کرنے کے لیے مالی وسائل کی ضرورت ہے۔ 'ڈبلیو ایف پی' ضرورت مند لوگوں کی امداد میں کمی کرنے اور انہیں دی جانے والی خوراک محدود کرنے پر مجبور ہے۔ میں چند ہفتے قبل ریاست نیل ازرق کے علاقے ابو شاندی میں قائم ایک پناہ گزین کیمپ میں گئی تھی جہاں لوگوں نے مجھ سے کہا کہ انہیں خوراک چاہیے اور مجھے انہیں جواب دینا پڑا کہ براہ مہربانی صبر کریں۔

میں ان لوگوں سے کیسے کہہ سکتی ہوں کہ صبر کریں اور خوراک کا انتظار کریں؟ ایسا کیسے ہو سکتا ہے؟ ان کے پاس وسائل نہیں ہیں۔ وہ اپنا سب کچھ پیچھے چھوڑ آئے ہیں۔ انہیں ہماری ضرورت ہے اور ہمیں عطیہ دہندگان کی جانب سے مدد درکار ہے۔ 

یہ سیاسی معاملہ نہیں بلکہ انسانی زندگیوں کی بقا کا معاملہ ہے۔ سوڈان کے لوگوں کو تمام تر کوششوں اور اقدامات کا مرکز بنایا جانا چاہیے اور کم از کم ان کی بنیادی ضروریات پوری ہونی چاہئیں۔