منگل کو فوٹوگرافر جنرل اسمبلی میں عام مباحثے کے پہلے روز عالمی رہنماؤں کی آمد کے مناظر محفوظ کرنے کے لیے موجود تھے۔ یہ مباحثہ سرگرمیوں سے بھرپور 'اعلیٰ سطحی ہفتہ' کہلائے جانے والے ان ایام کی مرکزی کارروائی ہے۔
یہ مباحثہ درحقیقت کوئی بحث نہیں ہوتی بلکہ اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک کی جانب سے کی جانے والی تقاریر کا ایک سلسلہ ہے اور جنرل اسمبلی کے صدر اس کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہیں۔
سیاہ شیشوں والی سیکڑوں ایس یو وی گاڑیاں عالمی رہنماؤں کو مین ہٹن کے وسطی علاقے میں ادھر اُدھر لے جاتی رہیں جن میں سے بیشتر کی منزل اقوام متحدہ کا ہیڈکوارٹر تھا۔
یہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کی جنرل اسمبلی کے عام مباحثے میں آخری تقریر تھی۔ وہ رواں سال کے اختتام پر عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ دنیا بھر سے آئے مندوبین نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
مصنوعی ذہانت یا اے آئی سے حاصل ہونے والے فوائد اور اس سے وابستہ مسائل رواں ہفتے کے اہم موضوعات میں شامل رہے۔ زیرنظر تصویر میں نوجوان خواتین ڈیجیٹل سکیورٹی کے موضوع پر ایک اجلاس میں شریک ہیں۔
اعلیٰ سطحی ہفتے کے عام مباحثے اور 160 سے زیادہ دیگر اجلاسوں میں تقریباً 18,000 مندوبین نے شرکت کی (البتہ یہ واضح نہیں کہ اس کمسن کو ان میں سے کون سا اجلاس سب سے زیادہ پسند آیا)۔