ملک بدری: پاکستان میں افغان مہاجرین مشکل صورتحال سے دوچار
چالیس سالہ رحمان جان چمن کے قندھاری بازار میں پھل سبزیوں کا ٹھیلہ لگاتے ہیں۔ ان کا تعلق افغانستان کے صوبہ قندھار سے ہے۔ وہ اکتوبر 2021 میں ہجرت کرکے پاکستان آئے اور چمن کی بستی حاجی گل شاہ میں رہنے لگے جہاں ان کے چند رشتہ دار تقریباً 35 سال سے مقیم ہیں۔ پچھلے دو سال انہوں نے اس خوف میں گزارے ہیں کہ کہیں انہیں پاکستان سے بے دخل نہ کر دیا جائے اور اب ان کا یہ خدشہ یقین میں بدلنے لگا ہے۔