انسانی کہانیاں عالمی تناظر

روسی حملوں سے دنیا کے ضرورت مند ترین لوگ متاثر: یو این ترجمان

یوکرین کے علاقے اوڈیسہ کا ایک زرعی فارم۔
© OCHA/Matteo Minasi
یوکرین کے علاقے اوڈیسہ کا ایک زرعی فارم۔

روسی حملوں سے دنیا کے ضرورت مند ترین لوگ متاثر: یو این ترجمان

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے بحیرہ اسود کے راستے اناج کی برآمد کے اقدام کے خاتمے کے ساتھ یوکرین کی بندرگاہوں پر اس کے حملے دنیا میں خوراک کی قیمتوں اور انتہائی ضرورت مند لوگوں پر بری طرح اثر انداز ہو رہے ہیں۔

یہ بات اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے نیویارک میں ادارے کے ہیڈکوارٹر میں معمول کی پریس کانفرنس کے موقع پر کہی۔

Tweet URL

یوکرین کے علاقے اوڈیسا میں ازمیل کی ڈینیوب بندرگاہ پر 2 اگست کو حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں ہزاروں ٹن اناج کو ذخیرہ کرنے کی سہولیات کو نقصان پہنچا۔ 

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے روس کی جانب سے یوکرین کی بندرگاہوں پر حملوں میں آنے والی شدت کی بھی مذمت کی اور ملک میں شہریوں اور شہری تنصیبات کے خلاف ہر طرح کے حملوں کو فی الفور روکنے کے لیے کہا ہے۔

بحیرہ اسود کے راستے اناج کی برآمد کے اقدام اور اس سے متوازی اقوام متحدہ اور روس کے مابین خوراک اور کھادوں کی برآمد کے ایک معاہدے کی بدولت یوکرین کی بندرگاہوں سے لاکھوں میٹرک ٹن خوراک کی برآمد ممکن ہوئی۔

ان دونوں معاہدوں نے عالمگیر غذائی تحفظ اور دنیا بھر میں خوراک کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اناج اور خوراک کی برآمد کے اس اقدام سے افغانستان، شاخِ افریقہ اور یمن جیسے خطوں کے لوگوں کو بھی فائدہ پہنچا جو جنگ اور بھوک سے بری طرح متاثر ہیں۔ 

چھیاسٹھ ملین لوگوں کی خوراک کا نقصان 

یوکرین میں اقوام متحدہ کی امدادی رابطہ کار ڈنیز براؤن نے ازمیل کی بندرگاہ پر حملے سے تین روز بعد اس جگہ کا دورہ کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ اس حملے میں تباہ ہونے والے ہزاروں ٹن اناج سے تقریباً 66 ملین لوگوں کو ایک دن کی خوراک مہیا کی جا سکتی تھی۔ 

روس کی افواج کی جانب سے یوکرین میں اناج کے گوداموں اور بندرگاہوں پر بے رحمانہ حملے نقصان اور تکلیف کا انتہائی تشویش ناک نمونہ ہیں اور یہ بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی کی ذیل میں آ سکتے ہیں۔ 

امدادی ضروریات میں اضافے کا خدشہ 

فرحان حق نے کہا کہ اقوام متحدہ میں امدادی امور کا رابطہ دفتر (او سی ایچ اے) یوکرین بھر میں پہلے ہی سنگین حالات کا سامنا کرنے والے شہریوں کی حالت زار کے بارے میں تشویش کا اظہار کر رہا ہے کیونکہ ملک میں شہری تنصیبات کو متاثر کرنے والے حملوں میں شدت آنے سے ممکنہ طور پر امدادی ضروریات بھی بہت بڑھ جائیں گی۔ 

'او سی ایچ اے' کے مطابق رواں سال کے آغاز میں یوکرین کے لیے اعلان کردہ3.9 بلین ڈالر کی امداد کے منصوبے کے تحت ملک بھر میں 11.1 ملین لوگوں کو مدد دی جانا ہے۔ 

تاہم جولائی کے اختتام تک اس مقصد کے لیے صرف 30 فیصد مالی وسائل ہی جمع ہو پائے تھے جس سے ضرورت مند لوگوں کو امداد کی فراہمی کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔